IBNURDU

عوامی ترجمان

تازہ ترین

بدھ، 25 اگست، 2021

وفاقی دارالحکومت کے نجی تعلیمی اداروں میں کورونا سے بچاؤ کی مفت ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مجموعی طورپر نوے فیصد سے زائد تدریسی و غیرتدریسی عملہ کی ویکسنیشن مکمل کرنے کا بھی دعویٰ


 اسلام آباد(لیڈی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت کے نجی تعلیمی اداروں میں کورونا سے بچاؤ کی مفت ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مجموعی طورپر نوے فیصد سے زائد تدریسی و غیرتدریسی عملہ کی ویکسنیشن مکمل کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیاہے، نجی تعلیمی اداروں کے منتظمین کا کہناہے کہ ملک میں کورونا جیسی موذی وبا کے خاتمہ، تعلیمی و معاشی سرگرمیوں کے لیے ضروری ہے، تمام اہل شہریوں کی ویکسینیشن لازمی کررہے ہیں تاکہ تعلیمی سلسلہ جاری رکھا جاسکے اور نئی نسل کو جہالت کے اندھیروں میں جانے سے بچایا جاسکے، اس سلسلے میں کیئرئیر سکول اینڈ گرلز کالج میں منگل کوہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے ایک روزہ مفت ویکسینیشن کیمپ لگایا گیاجہاں پر نجی تعلیمی اداروں کے عملہ سمیت دیگر شہریوں کو بھی کورونا سے بچاو کی پہلی اور دوسری خوراک والی ویکسین لگائی گئی۔ اس موقع پر نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز(NAPS)کے مرکزی صدر چودھری عبیداللہ، شریک چیئرمین ملک عمران، سینئر نائب صدر زاہد بشیر ڈار، عطرت نقوی،نصیب اکرم وڑائچ، ڈاکٹر کامران نواب،جواد علی و دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے۔ کورونا سے بچاو کی ویکسینیشن کا سلسلہ شام چار بجے تک جاری رہا جبکہ درجنوں شہریوں نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا۔ اس موقع پر با ت کرتے ہوئے چودھری عبید اللہ کا کہنا تھاکہ کورونا وبا نے پوری دنیا کی طرح پاکستان کے بھی تعلیمی و معاشی نظام کو شدید نقصان پہنچایاہے جبکہ قیمتی جانوں کا نقصان اس سے الگ ہے جو شاید ہی پورا ہوسکے، انہوں نے کہاکہ کورونا کے باعث تعلیمی اداروں کی طویل بندش کے باعث ملک کا تعلیمی نقصان شدید متاثر ہواہے، سینکڑوں چھوٹی نجی تعلیمی ادارے مکمل بند ہونے سے ہزاروں اساتذہ بے روزگار ہوگئے ہیں جبکہ سکول مالکان بھی مقروض ہوچکے ہیں۔ان حالات میں وزارت تعلیمی اور این سی اوسی کے سربراہ اسد عمر جو کہ اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی بھی ہیں نے وعدہ کیا تھاکہ وہ نجی تعلیمی اداروں کو ریلیف دلانے کے لیے بلاسود قرضہ جات کی فراہمی اور دیگر سہولیات فراہم کریں گے تاہم دوسراسال بھی گزرنے کو ہے انہوں نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیاہے۔ چودھری عبید اللہ کا کہنا تھاکہ حکومت کو چاہیے کہ ملک میں تعلیمی نظام کی بہتری اور نجی اداروں کو درپیش مسائل کا ٹھوس حل نکالے اور تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آئیندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے۔۔۔۔۔۔۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

thank you for your interest. plz let us know how can we help you